# حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی کی رحلت پر پیغام

- سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای
- تاریخِ اشاعت: 17 نومبر 2026 (2026-11-17)
- URL: https://mojtabakhamenei.world/ur/messages/message-passing-grand-ayatollah-vahid-khorasani/
- Persian original: https://mojtabakhamenei.world/fa/messages/message-passing-grand-ayatollah-vahid-khorasani/

بسم الله الرّحمن الرّحیم

حوزۂ علمیہ کے عظیم استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی رحلت کی خبر موصول ہوئی۔ وہ بزرگوار حوزۂ علمیہ میں فقہ و اصول کی تعلیم کے بنیادی ارکان میں شمار ہوتے تھے۔ گزشتہ دہائیوں میں ان کے روزانہ کے دو درس اہم ترین درسی محافل میں شمار ہوتے تھے۔ ان دروس میں خود ان کے تحقیقی پہلوؤں کے علاوہ، حوزۂ علمیۂ نجف اشرف کے حالیہ ادوار کے بعض برجستہ ترین علماء کے نظریات پر سنجیدہ، گہری اور قدرشناسانہ توجہ اور ان پر عبور بخوبی منعکس ہوتا تھا۔ چونکہ یہ پہلو ہمیشہ استادِ بزرگوار کے شستہ، منظم اور مستحکم اندازِ بیان کے ساتھ توأم رہتا تھا، اس لیے یہ درس کی ہر نشست کو علم و فضل کے طالبین کے لیے ایک مفید اور غنیمت گھڑی میں بدل دیتا تھا۔ آج حوزۂ علمیۂ قم بلکہ ملک کے دیگر حوزات کے مدرسین و فضلاء کی ایک بڑی تعداد اور مختلف ممالک کے علمائے دین کی ایک جماعت اس بزرگوار کے درس میں حاضری کے افتخار کو اپنے علمی سوابق میں درج کرتی ہے، اور سب ان کے کلام اور طرزِ عمل میں معصومین صلوات‌الله و سلامه‌ علیهم اجمعین کی مقدس ذوات سے والہانہ وابستگی کے عنصر کے نمایاں اور خالص ظہور کو تحسین کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔ بلاشبہ وہ جناب شریعت اور مذہب کی راہ میں اپنی طویل اور مسلسل زحمات کی بنا پر مومنین کے معاشرے اور حوزات علمیہ پر ایک عظیم حق رکھتے ہیں جسے سب کو یاد رکھنا اور جس پر شکر گزار رہنا چاہیے۔ میں اس مصیبت پر اپنے آقا و مولا امام زمانہ عجّل‌الله‌تعالی فرجه‌الشّریف، حوزات علمیہ، تمام مومنین اور بالخصوص ان کے محترم گھرانے کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور حضرت حق جلّ‌و‌علا سے اس بزرگوار کے لیے بلندیٔ درجات کی دعا کرتا ہوں۔

سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، ۲۶ آبان ۱۴۰۵
