1. صفحۂ اول
  2. پیغامات
  3. 26 جولائی 2026

حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل اور مجاہدین کا رہبر انقلاب اسلامی کے نام بیعت نامہ

یہ اصل فارسی متن کا ترجمہ ہے۔ اصل فارسی متن

حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل اور مجاہدین نے ایک خط میں رہبر شہید انقلاب اسلامی کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی بیعت کی۔ اس خط کا مکمل متن حسب ذیل ہے:

بسم‌اللّه‌الرّحمن‌الرّحیم
شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان، نہایت رحم والا ہے

حمد و ثنا اس خدا کے لیے ہے جو مومنوں کو عزت عطا کرتا ہے اور ظالموں کو ذلیل و خوار کرتا ہے؛ وہی خدا جس نے ہماری زندگی کو جہاد اور [ظہور کی] زمین ہموار کرنے کا ذریعہ قرار دیا اور ہماری موت کو اپنی راہ میں اپنی بدترین مخلوقات کے ہاتھوں شہادت قرار دیا۔ درود و سلام ہو اللہ کے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور ان کی پاکیزہ و مبارک عترت پر، اور خداوند ان کے فرج شریف میں تعجیل فرمائے، اس حال میں کہ ہم خیر و عافیت سے ہوں۔

خداوند متعال فرماتا ہے: «يا اَيُّهَا الَّذينَ آمَنوا اَطيعُوا اللّهَ وَ اَطيعُوا الرَّسولَ وَ اُولِی الاَمرِ مِنكُم»
"اے ایمان والو! اطاعت کرو اللہ کی اور اطاعت کرو رسول کی اور ان لوگوں کی جو تم میں سے صاحبانِ امر ہیں۔" (سورۂ نساء، آیت 59)

اما بعد؛ اے ہمارے سید! اے ہمارے پیشوا، رہبر اور ولی فقیہ! آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای عزیز، جن پر ہماری جانیں قربان! «سلام علیکم و رحمة اللّه و برکاته» (آپ پر سلام اور اللہ کی رحمت اور برکتیں ہوں)۔

ہم، آپ کے فرزند اور بھائی، حزب اللہ - اسلامی مزاحمت لبنان - کے خامنہ ای کے پیروکار، یہ خط آپ کی خدمت میں ارسال کر رہے ہیں، جبکہ ہمارے دل امید سے بھرے ہوئے اور آرزوؤں سے لبریز ہیں کہ آپ مکمل خیر و عافیت سے ہوں اور اللہ کے مضبوط قلعے اور یقینی حفاظت میں محفوظ رہیں۔

سب سے پہلے ہم آپ کو اپنے ولی اور پدر شہید کی شہادت پر تہنیت پیش کرتے ہیں، ایسی شہادت جس کے ذریعے انھوں نے عشروں پر مشتمل جہاد اور قیادت کو اختتام تک پہنچایا، جبکہ انھوں نے اپنے وجود میں علم اور عمل کو یکجا کر لیا تھا اور ایک عارف فقیہ، قرآنی مفکر اور اللہ کے تائید یافتہ رہبر کے طور پر بخشش اور عطا کے دروازے کھول رکھے تھے، یہاں تک کہ اپنے جد کرار کی مانند اس دور کے "ابن ملجموں" کے ہاتھوں شہید ہوئے۔

اسی طرح ہم آپ کو مزاحمتی محاذ میں اس امت کے فدائیوں، یعنی آپ کے بھائیوں، بہنوں، فرزندوں اور بیٹیوں، بالخصوص آپ کی عزیز سرزمین اسلامی ایران کے فرزندوں کی شہادتوں، زخموں اور قربانیوں پر بھی تہنیت پیش کرتے ہیں اور پروردگار عالم کی بارگاہ میں دعا کرتے ہیں کہ وہ شہداء کو اپنی رحمت کے دائرے میں شامل فرمائے، زخمیوں کو جلد شفا عطا کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و سکون عطا فرمائے۔

ہم ہمیشہ مشہد مقدس کی زیارت سے مشرف ہوتے رہے ہیں اور امام رؤوف علیہ السلام کی بارگاہ میں ولایت کے صاف و شفاف چشمے سے سیراب ہوتے رہے ہیں۔ ایسے عالم میں کہ ہم نے جہاد اور ظہور کی زمین ہموار کرنے کے ہاتھ سے امام حسین علیہ السلام کا علم بلند کر رکھا ہے اور اپنے دشمنوں سے صفر فاصلے سے لڑ رہے ہیں، جو "لبیک" اور "ہیہات" کے معنی میں ہے، دوسرے ہاتھ سے ہم اپنے عزیز بھائیوں، امام رضا علیہ السلام کے فرزندوں، مکتب امام خمینی قدس سرہ کے پرورش یافتگان، امام خامنہ ای قدس سرہ کی سند کے حاملین اور آپ کے مبارک پرچم کو بلند کرنے والوں، یعنی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، مقدس بسیج اور ہر اس شریف اور آزاد انسان کا ہاتھ گرمجوشی سے تھامے ہوئے ہیں جو اسلامی ایران میں ولایت کی خوشگوار ہوا سے بہرہ مند ہے؛ وہی لوگ جن میں ہم امام حسین علیہ السلام کا عشق اور ایثار، عباس کی بصیرت اور فداکاری اور سلمان کا یقین اور ولایت مداری دیکھتے ہیں۔

اور اب آپ خالص محمدی اسلام کا پرچم اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں، وہی پرچم جسے خمینی کبیر کے بعد ولی شہید نے اپنے ہاتھوں میں لیا اور وہی پرچم جسے ایک دن امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں بلند کیا تھا، جب وہ دشمن کے بے شمار لشکروں کے مقابلے میں اکیلے کھڑے تھے اور انھوں نے عزت و سربلندی کی زبان میں للکار کر کہا تھا: "خدا کی قسم! میں ہرگز ذلیلوں کی طرح بیعت کے لیے تمھیں اپنا ہاتھ نہیں دوں گا۔"

اے ہمارے رہبر! ہم اس میدان جنگ کے قلب سے، جہاں ہم زمین کے فرعونوں کے خلاف اپنی کربلائی جنگ لڑ رہے ہیں، پوری قوت اور عزم کے ساتھ آپ کی طرف بیعت کا ہاتھ بڑھاتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اس بیعت کے ذریعے درحقیقت ہم حضرت حجت عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی بیعت کر رہے ہیں، کیونکہ آپ برحق ان کے نائب اور غیبت کبریٰ کے زمانے میں ہم پر ان کی حجت ہیں۔

اور ہم آپ سے عہد کرتے ہیں کہ اسی "کرامت" کے راستے پر آگے بڑھتے رہیں گے، اس حال میں کہ ظہور کی زمین ہموار کرتے رہیں گے اور صبر سے کام لیں گے۔ جس طرح ہم ولی شہید کے ساتھ تھے، اسی طرح آپ کے ساتھ بھی رہیں گے، اور اللہ کی راہ میں کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے خوف نہیں کھائیں گے۔ ہماری گردنوں پر شہداء، زخمیوں، قیدیوں، لاپتہ افراد اور ان کے صابر اہل خانہ کی امانت ہے اور ہمارے دلوں میں شہید خامنہ ای کی راہ و روش جاری ہے، وہ راہ و روش جس کا عنوان "اقتدار" اور "خدائے متعال پر اعتماد" ہے۔

اور آپ کی قیادت میں، خدائے متعال کے اذن سے، ہم میدان میں آگے بڑھتے رہیں گے، اس حال میں کہ قرآن اور عترت علیہم السلام کی ہدایت کے مطابق اسلام کا پرچم اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں، ہمارے راستے کا سورج حضرت مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف ہیں اور ہمارے پیشوا وہ شہداء ہیں جو اس راستے میں ہم سے آگے نکل گئے۔ ہم ہدایت کے راستے میں کبھی تنہائی محسوس نہیں کریں گے، کیونکہ شہداء، زخمیوں، ماؤں، باپوں، بیویوں اور امت مزاحمت اور محاذ جہاد کے تمام فرزندوں کے قافلے ہمارے ساتھ ہیں۔ ہم اپنے سیکریٹری جنرل، مجاہد جناب شیخ نعیم قاسم حفظہ اللہ کی قیادت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ہمیں زمین کی وراثت اور آل محمد علیہم السلام کے منصور کی قیادت میں دین خدا کے غلبے کے بارے میں اللہ کے وعدے سے بڑی امید ہے، اور جب تک وہ الہی وعدہ پورا نہیں ہو جاتا، آپ ہم سے اطاعت، فتح کے عزم اور شہادت کے عشق کے سوا کچھ نہیں دیکھیں گے۔ «وَ مَا النَّصرُ اِلّا مِن عِندِ اللّهِ العَزيزِ الحَكيم» (اور فتح تو صرف اللہ ہی کی طرف سے ہے جو غالب اور حکمت والا ہے) (سورۂ آل عمران، آیت 126)

و آخر دعوانا ان الحمد للّه ربّ العالمين
اور ہماری آخری دعا یہ ہے کہ تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جو تمام جہانوں کا پروردگار ہے۔

حزب اللہ - اسلامی مزاحمت لبنان - میں آپ کے فرزند اور بھائی