حزب اللہ لبنان کی قیادت کے بیعت نامے کا جواب
یہ اصل فارسی متن کا ترجمہ ہے۔ اصل فارسی متن
بسم الله الرّحمن الرّحیم
شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان، نہایت رحم والا ہے
«يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا قَاتِلُوا الَّذِينَ يَلُونَكُمْ مِنَ الْكُفَّارِ وَلْيَجِدُوا فِيكُمْ غِلْظَةً...» (1)
«اے ایمان والو! ان کافروں سے جنگ کرو جو تمھارے آس پاس ہیں، اور چاہیے کہ وہ تمھارے اندر سختی پائیں...»
جناب حجت الاسلام و المسلمین شیخ نعیم قاسم دام عزہ، محترم سیکریٹری جنرل حزب اللہ لبنان، اور حزب اللہ کے تمام جاں نثار، صابر اور ثابت قدم کمانڈروں اور مجاہدین!
السلام علیکم جمیعاً و رحمۃ اللہ
آپ، میرے بھائیوں اور فرزندوں، سرفراز حزب اللہ کے مومن اور بہادر مجاہدین کا خط، جو اللہ کے کلمے کی سربلندی کے لیے پائیداری اور استقامت، قرآن عظیم کے وعدوں پر یقین اور امام خمینی اور قائد شہید آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہما کے عزت آفرین آرمانوں سے وابستگی کا پیغام لیے ہوئے تھا، قدر و تکریم کے لائق ہے۔
آج جب دنیا کی قومیں امریکی حکومت اور کھیتی اور نسل کو تباہ کرنے والے مجرم صیہونیوں کے ظلم و ستم سے تنگ آ چکی ہیں، جہاد اور مزاحمت کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا، اور اس راہ میں ثابت قدمی حق کی راہ کے مجاہدین کو اللہ کی وعدہ کردہ نصرت سے ہمکنار کرے گی: «...وَكَانَ حَقًّا عَلَيْنَا نَصْرُ الْمُؤْمِنِينَ» (2) (...اور اہلِ ایمان کی مدد کرنا ہمارے ذمے ہے)۔
اب جبکہ حزب اللہ لبنان، جہادی گروہوں کے پیش رو کی حیثیت سے، صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی درندہ صفت یلغار کے مقابلے میں ایک مضبوط چٹان کی طرح ڈٹی ہوئی ہے، یہ استقامت دنیا کی آزادی پسند قوموں کے لیے عالمی استکبار اور اس کے آلۂ کاروں کے ظلم و ستم سے نجات کی راہ میں ایک الہام بخش پیغام بن گئی ہے۔ بلاشبہ اس عظیم کامیابی کا ایک قابلِ ذکر حصہ لبنان کے عوام، بالخصوص جنوبی علاقے کے لوگوں کے صبر، شرافت، ایثار اور ساتھ دینے کا مرہونِ منت ہے۔
اسلامی جمہوریۂ ایران نے بھی رہبرِ معظم و شہیدِ انقلاب امام سید علی خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی حکمتِ عملی کے مطابق ان مظلوم اور مقتدر مجاہدین کے دفاع کو اپنی اسٹریٹجک پالیسی قرار دیا ہے، اور لبنان کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے مکمل اور غیر مشروط خاتمے کو جارح امریکا کے ساتھ مسلط کردہ جنگ کے خاتمے کی مفاہمتی یادداشت کی پہلی شرط قرار دیا ہے۔
خدائے متعال کا درود اور رحمت ہو شہداء، زخمیوں اور ان کے صابر اہلِ خانہ پر، اور اللہ کی راہ میں ہجرت کرنے والوں پر جنھوں نے مصائب کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا۔ اللہ کا سلام ہو حزب اللہ کے سید الشہداء سید حسن نصر اللہ کی ملکوتی روح پر اور مزاحمت کے تمام سابق کمانڈروں اور ان کے شہید ساتھیوں پر، رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین، جنھوں نے اسلامی مزاحمت کے پودے کو ایک ایسے تناور درخت میں بدل دیا جس کی «اصلها ثابت و فرعها فیالسّماء» (جڑ مضبوط ہے اور شاخیں آسمان میں ہیں)؛ وہ مجاہدین جنھوں نے اپنے جہاد اور مزاحمت سے عالمِ اسلام میں لبنان کو عزت اور سربلندی عطا کی ہے۔
آخر میں امید کرتا ہوں کہ ہمارے مولا (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کی دعائے خیر کی برکت سے مزاحمت کے تمام مجاہدین، شہداء اور جانبازوں، ہجرت کرنے والوں اور ان کے صابر اہلِ خانہ کے شاملِ حال طرح طرح کی الٰہی عنایات اور الطاف رہیں۔
«وَنُرِيدُ أَنْ نَمُنَّ عَلَى الَّذِينَ اسْتُضْعِفُوا فِي الْأَرْضِ وَنَجْعَلَهُمْ أَئِمَّةً وَنَجْعَلَهُمُ الْوَارِثِينَ» (3)
«اور ہم چاہتے ہیں کہ ان لوگوں پر احسان کریں جنھیں زمین میں کمزور بنا دیا گیا تھا، اور انھیں پیشوا بنائیں اور انھیں وارث قرار دیں۔»
والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای
1) سورۂ توبہ، آیت 123 2) سورۂ روم، آیت 47 3) سورۂ قصص، آیت 5