سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی، ان کے فرزند اور رفقائے کار کی شہادت پر پیغام
یہ اصل فارسی متن کا ترجمہ ہے۔ اصل فارسی متن
بسم الله الرّحمن الرّحیم
اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان، نہایت رحم والا ہے
ولاتَحسبَنَّ الّذینَ قُتِلوا فی سبیلِاللهِ اَمواتاً بَل اَحیاءٌ عِندَ رَبِّهِم یُرزَقون
"اور جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل کیے گئے ہیں انہیں ہرگز مردہ نہ سمجھو، بلکہ وہ زندہ ہیں اور اپنے پروردگار کے پاس رزق پا رہے ہیں۔" (سورۂ آل عمران، آیت 169)
انتہائی افسوس کے ساتھ سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری اور اس کونسل میں رہبری کے نمائندے جناب ڈاکٹر علی لاریجانی، ان کے برومند فرزند اور ان کے بعض رفقائے کار کی شہادت کی دردناک خبر موصول ہوئی۔ وہ ایک عالم، دور اندیش، ذہین اور پرعزم شخصیت تھے اور مختلف سیاسی، عسکری، سیکورٹی، ثقافتی اور انتظامی میدانوں میں گوناگوں تجربات کے حامل تھے۔ اسلامی نظام کی مختلف سطحوں پر تقریباً پانچ عشروں کے کردار نے انہیں ایک ممتاز شخصیت بنا دیا تھا۔
بلاشبہ ایسی شخصیت کا قتل ان کی اہمیت اور ان کے تئیں اسلام کے دشمنوں کے بغض کی نشاندہی کرتا ہے۔ اسلام دشمن جان لیں کہ اسلامی نظام کے تناور درخت کی جڑ میں ان خونوں کا بہایا جانا اسے صرف اور زیادہ مضبوط بناتا ہے، اور البتہ ہر خون کا ایک خوں بہا ہوتا ہے جو شہیدوں کے مجرم قاتلوں کو عنقریب ادا کرنا ہوگا۔ میں اس سانحے پر اس بزرگوار کی محترم اہلیہ، ان کے دیگر فرزندوں اور اسی طرح دیگر متعلقین، بالخصوص جناب آیت اللہ آملی لاریجانی کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں اور بارگاہِ حضرتِ حق جلَّوعلا (جو بزرگ و برتر ہے) سے ان سفر کر جانے والوں کے درجات کی بلندی کا خواستگار ہوں۔
سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای
26 اسفند 1404