یہ اصل فارسی متن کا ترجمہ ہے۔ اصل فارسی متن

بسم الله الرحمن الرحیم
شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان، نہایت رحم والا ہے۔

آج عالمی استکبار کے خلاف جدوجہد کا قومی دن ہے، اور یہ وہ دن ہے جس نے باطل کے محاذ کے مقابلے میں حق کے محاذ، اور ظالم کے محاذ کے مقابلے میں مظلوم کے محاذ کی صف آرائی کے متعدد اہم موڑوں کو اپنے اندر سمیٹ رکھا ہے۔ شاید یہ کہا جا سکے کہ اس سال ۱۳ آبان کو ایرانی قوم مجرم امریکا کے بارے میں اپنا موقف ہر گزشتہ سال سے زیادہ واضح اور شفاف طور پر جانتی ہے، لیکن امریکا کی روز افزوں دشمنی اور اس کے مقابلے میں ایرانی قوم کی مستحکم صف آرائی کی جڑوں، اسباب اور اہم موڑوں کا جائزہ اس راستے کے مستقبل کے لیے چراغِ راہ ہے۔

ایرانی قوم پر امریکا کے ظلم کا نقطۂ آغاز سات دہائیوں سے بھی زیادہ پہلے تک جاتا ہے؛ جب اس نے قومی وسائل اور سرمایوں، خصوصاً تیل کی لوٹ مار جاری رکھنے کے لیے ۲۸ مرداد (۱۹ اگست ۱۹۵۳) کی بغاوت برپا کی۔ اسلامی انقلاب کی کامیابی تک کی بعد کی دہائیاں بھی ایسا دور تھیں جس میں امریکی حکمرانوں نے ایرانی قوم کی دولت لوٹنے کی بھرپور کوشش کی۔ اس راستے میں انہوں نے ساواک قائم کر کے اور معاشرے پر سکیورٹی کی گھٹن زدہ فضا مسلط کر کے اُس وقت کی ظالم حکومت کے ہاتھ ہر احتجاجی تحریک کو کچلنے کے لیے مزید کھول دیے۔ اسلامی انقلاب کی شاندار کامیابی کے موقع پر بھی انہوں نے اپنی کٹھ پتلی حکومت کو بچانے کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کیے۔ ایرانی قوم کے عظیم انقلاب کی کامیابی کے بعد کے دور میں ان کے معاندانہ رویے سے بھی ان کے عوام دشمن اقدامات کی ایک طویل فہرست پیش کی جا سکتی ہے، جس میں شامل ہیں: علیحدگی پسند گروہوں، بغاوت کرنے والوں اور اُن کور دل منافقین کی حمایت جو علمی، سیاسی اور سماجی ممتاز شخصیات کے علاوہ عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو سنگدلی سے شہید کرتے تھے؛ پہلی مسلط کردہ جنگ میں حزبِ بعث کی براہِ راست اور ہمہ جہت پشت پناہی، مسافر طیارے کے عام شہریوں کا قتلِ عام، وسیع، طویل اور سخت اقتصادی پابندیاں، متعدد ہنگاموں اور فتنوں کی منصوبہ بندی اور حمایت بلکہ ان کی اسلحہ جاتی پشت پناہی، ایران اور امتِ اسلامی کے قومی ہیرو سردار سلیمانی کا قتل؛ مختلف ممالک میں ایرانی قوم کے اموال اور اثاثوں کی چوری؛ اور بالآخر دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں میں براہِ راست فوجی جارحیت، اور ممتاز شخصیات، سائنس دانوں اور کمانڈروں کی ایک بڑی تعداد اور ایران کے مظلوم عوام کے ایک جمِ غفیر کو، شیر خوار بچوں اور کم سنوں سے لے کر بزرگوں تک، شہید کرنا، جن سب میں سرِفہرست عظیم المرتبت رہبرِ انقلابِ اسلامی قدس اللہ نفسہ الزکیہ ہیں۔

ان تمام مراحل میں امریکا کے مستکبر سرغنے اور اس کے حواری ہمیشہ اپنا تسلط مسلط کرنے اور ایران کو تسلیم پر مجبور کرنے کے درپے رہے ہیں، یہاں تک کہ اس دھونس کے تازہ ترین نسخوں میں انہوں نے تمام جھوٹے اور فریب کار بین الاقوامی آداب اور ظواہر کو ایک طرف رکھ دیا ہے اور ڈھٹائی کے ساتھ ملک کی تقسیم، قوم کو گھٹنوں پر لانے، نظام کے انہدام اور ایران کی اصیل اور قدیم تہذیب کی نابودی کے درپے ہیں۔ البتہ ہر مرحلے میں وہ میدانی حقیقت کی مضبوط دیوار اور غیور ایرانی قوم کے ارادے کی استوار چٹانوں سے ٹکرائے ہیں، اور اپنے غلط اندازوں اور استکباری توہمات کا نتیجہ بھاری اخراجات کی صورت میں امریکی عوام اور امریکی حکومت کی کٹھ پتلی حکومتوں کے کندھوں پر ڈال دیا ہے۔

اب ملتِ مسلمانِ ایران کے ساتھ امریکا کی دیرینہ دشمنی اور اس دشمن کے مقابلے میں تمام ایرانیوں کی غیورانہ مزاحمت کی داستان اس مقام تک پہنچ گئی ہے کہ نہ صرف ۱۳ آبان بلکہ تمام دن اور تمام گھڑیاں بڑے شیطان کے خلاف استقامت اور جدوجہد کے ایام بن چکے ہیں۔ اب خلیج فارس اور خصوصاً آبنائے ہرمز کا منظر، جس طرح اس نے امریکا کے ناقابلِ شکست ہونے کے افسانے کے بطلان کو رقم کیا ہے، اسی طرح اُن حکومتوں کی کمزوری اور ذلت کو بھی، جو اپنی قوم کے سوا کسی اور طاقت پر تکیہ کرتی ہیں، اور اپنی کٹھ پتلی حکومتوں کے دفاع میں بڑی طاقتوں کی بے وفائی اور بے بسی کو بھی آشکار کر رہا ہے۔ آبنائے ہرمز پر ایران کے انتظام کا نفاذ اور خطے کے ممالک میں امریکا کے فوجی اڈوں کا خاتمہ، اگرچہ تیسری مسلط کردہ جنگ میں امریکا کی جارحیت اور جرائم کا ردعمل تھا، لیکن ساتھ ہی علاقائی سطح پر استکبار کے خلاف ایک ابتدائی جہاد بھی شمار ہوتا ہے، جو زیادتیوں کے دہرائے جانے کی صورت میں کہیں زیادہ وسیع ابعاد اختیار کر لے گا۔ اقتدار کی یہ نشانی، حق کے محاذ کے میدانوں کی وحدت اور فلسطین و لبنان سے لے کر عراق و یمن تک مزاحمتی محاذ کے ہوشمندانہ اور مقتدرانہ کارناموں کے ساتھ مل کر، حق کے محاذ کے پرچم کی سربلندی اور نئے عالمی نظم کی زمین ہموار ہونے کی ایک روشن اور امید افزا نوید ہے؛ کیونکہ جب بھی حق کا محاذ توکل، استقامت اور فداکاری کا حامل ہو، باطل کا محاذ، خواہ کتنی ہی طاقت و توانائی رکھتا ہو اور خواہ کوئی بھی اور کچھ بھی ہو، اس کے سامنے ٹک نہیں سکے گا، اور پسپائی اور ہزیمت ہی اس کا قطعی انجام ہے، کہ «اِن‌َّ الباطلَ کانَ زَهوقا» (بے شک باطل مٹنے ہی والا ہے) (سورۂ اسراء، آیت 81)۔

الحمد للہ، ایرانی قوم نے خالص محمدی اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی تعلیمات، اسلامی انقلاب کے معارف اور اپنے حکیم رہبروں، خمینی کبیر اور خامنہ ای شہید اعلی اللہ مقامہما الشریف کے مکتب سے بڑے سبق بخوبی سیکھے ہیں، اور الٰہی وعدوں کے پورا ہونے کے ساتھ روز بروز اس راستے کی حقانیت پر اس کا ایمان گہرا ہوتا گیا ہے۔ آج مستکبرین کی خود ساختہ رسوائی کے نتیجے میں امریکا کی زوال پذیر طاقت اور تسلط، سخت فوجی طاقت اور بین الاقوامی نرم طاقت دونوں پہلوؤں میں، ناقابلِ واپسی سقوط سے دوچار ہو چکا ہے اور اس کے انہدام کا عمل تیز ہو گیا ہے۔

اگر اب بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جو نظامِ تسلط کے رویے میں تبدیلی یا اس میں جماعتی اور دھڑے بندی کی ردوبدل سے ذرا سی بھی امید رکھتے ہیں، یا یہ تصور کرتے ہیں کہ امریکا کو رعایتیں دے کر اسے ایرانی قوم سے دشمنی سے باز رکھ سکتے ہیں، تو وہ سخت غلطی پر ہیں۔ یہ باطل تصور اُن عظیم فتوحات کی ناشکری ہے جو ملتِ مسلمانِ ایران نے توکل، استقامت اور مجاہدت کے سائے میں حاصل کی ہیں۔ بڑے شیطان کی آرزو ایرانی قوم کا غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈالنا ہے، اور تسلط پسند دشمن کی طرف ہتھیار ڈالنے پر مبنی ذرا سا جھکاؤ بھی اُس عظیم سرمائے کو برباد کر دے گا جو شہداء کے خون کی برکت سے اور قوم کے ایک ایک فرد کی فداکاری سے حاصل ہوا ہے، اور مستکبر دشمن کو مزید زیادہ طلبی اور آئندہ جنگوں اور جسارتوں کے لیے اور زیادہ جری کر دے گا۔

مطلق بازدارندگی کے مقام تک پہنچنے کا واحد راستہ ہمہ جہت ترقی کی راہ میں «زیادہ سے زیادہ طاقتور ایران» کی حکمتِ عملی کا تسلسل ہے؛ اور یکجہتی، اتحاد اور سماجی ہم آہنگی اس راہ میں کامیابی کا بنیادی عنصر ہے، جسے قوم اور حکام کے ہر انفرادی اور اجتماعی قول و فعل پر حاکم ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں جس طرح حکام کے لیے قوم کی حمایت ایک ضروری امر ہے، اسی طرح دوگنی اور جہادی خدمت، عوام کے ساتھ اخلاص و یگانگت، ان کی معیشت و آسائش اور مادی و معنوی ترقی کی فراہمی، اور ان کی عزت و خودمختاری کے تحفظ پر حکام کی توجہ کا تسلسل اور اس میں اضافہ بھی اہمیت رکھتا ہے۔

عزیز ایران کے روشن اور شاندار مستقبل کی تعمیر کے لیے پیش رو طبقہ ہمارے نوجوان، یونیورسٹی طلبہ اور اسکولوں کے طلبہ ہیں، جنہیں مسلسل «مایوسی، ناامیدی اور ناممکنات» کے تاریک ٹھکانے کو مسخر اور ویران کرنے، اور «امید اور "ہم کر سکتے ہیں"» کے روشن گھر کو فتح کرنے کی کوشش میں رہنا چاہیے۔ اس مشن کا تقاضا غیر معمولی ورزیدگی، علم، تقویٰ، ہنر، اخلاق، ارادے اور غیر معمولی محنت کے ہر طرح کے ہتھیاروں سے لیس ہونا، اور بلند اہداف تک پہنچنے کے لیے «ہم عہدی» ہے۔

امید ہے کہ اللہ کے لطف و کرم اور ہمارے آقا و مولا عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی دعا سے ایرانی قوم جلد از جلد فتح، سعادت اور ہمہ جہت ترقی کا تجربہ کرے گی، اور بڑے شیطان کے تسلط کے زیادہ سے زیادہ اور تیز تر زوال کے اسباب فراہم ہوں گے۔ اِنّهم یَرونَهُ بعیداً و نَراهُ قریباً. (وہ اسے دور سمجھتے ہیں، اور ہم اسے قریب دیکھتے ہیں۔) (سورۂ معارج، آیات 6-7)

سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای
۱۳ آبان ۱۴۰۵